کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں ایک باغ میں دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوگئے، زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
ڈی ایس پی رفیق حمزہ کے مطابق دھماکا مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں واقع ایک باغ میں ہوا، جس کے نتیجے میں موقع پر جانی نقصان ہوا۔
پولیس کے مطابق دھماکے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہوئے، جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو مستونگ کے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو نواب غوث بخش اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے، تاہم ان کی حالت تشویشناک ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے وقوع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کردیا گیا ہے تاکہ دھماکے کے اسباب اور دیگر پہلوؤں کا تعین کیا جاسکے۔
دھماکے کی نوعیت معلوم کرنے کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے کو بھی طلب کرلیا گیا ہے، جو جائے وقوع کا معائنہ کرکے دھماکے میں استعمال ہونے والے مواد اور اس کی نوعیت کا تعین کرے گا۔




















































































