وفاقی ادارہ شماریات کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ملک میں مہنگائی کی سالانہ شرح 11.53 فیصد تک پہنچ گئی، جبکہ ہفتہ وار بنیاد پر قیمتوں میں 0.21 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتے کے دوران 20 اشیاء مہنگی ہوئیں، 10 اشیاء کی قیمتوں میں کمی آئی اور 21 اشیاء کے نرخ برقرار رہے۔
ہفتہ وار اعداد و شمار کے مطابق مرغی کی قیمت میں 7.25 فیصد، لہسن میں 1.85 فیصد اور دال چنا میں 1.30 فیصد اضافہ ہوا۔ اسی عرصے میں ایل پی جی 1.17 فیصد، انڈے 0.72 فیصد اور چاول 0.55 فیصد مہنگے ہوئے۔
دوسری جانب ڈیزل کی قیمت 3.43 فیصد، کیلے کی 1.52 فیصد اور چینی کی قیمت 1.05 فیصد کم ہوئی۔ آلو کے نرخوں میں 0.96 فیصد، پیٹرول میں 0.65 فیصد اور دال مونگ میں 0.63 فیصد کمی بھی ریکارڈ کی گئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق سالانہ بنیاد پر پیاز کی قیمت میں 114.20 فیصد اضافہ ہوا۔ ایل پی جی کے نرخ 66.59 فیصد اور بجلی کے چارجز 58.59 فیصد بڑھ گئے، جبکہ ڈیزل 44.50 فیصد اور پیٹرول 44.05 فیصد مہنگا ہوا۔
سالانہ تقابل میں گندم کے آٹے کی قیمت 32.65 فیصد اور مرچ پاؤڈر کی قیمت 15.55 فیصد بڑھی۔ اس کے برعکس ٹماٹر 45.52 فیصد اور آلو 39.54 فیصد سستے ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں چینی کی قیمت میں 21.95 فیصد، انڈوں میں 17.47 فیصد اور نمک پاؤڈر کی قیمت میں 14.81 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔




















































































