میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ لندن کی آکسفورڈ اسٹریٹ کے ایک حصے کو ٹریفک کے لیے بند کرنے کے اقدام سے متاثر ہو کر کراچی میں بھی منتخب سڑکیں پیدل چلنے والوں کے لیے مختص کرنے کا منصوبہ ہے۔
مرتضیٰ وہاب کے مطابق لندن کے میئر نے آکسفورڈ اسٹریٹ کا ایک کلومیٹر طویل حصہ صرف پیدل چلنے والوں کے لیے مختص کیا، جسے بڑے پیمانے پر سراہا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں نے گاڑیوں کی آمدورفت بند کرنے کی راہ میں قانونی رکاوٹیں نہیں ڈالیں، جو شہری ترقی کے ایسے منصوبوں میں تعاون کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔
میئر نے کہا کہ کراچی میں بھی اسی طرز پر منتخب سڑکیں گاڑیوں کے لیے بند کرکے پیدل چلنے والوں کے لیے مختص کرنے کا منصوبہ ہے۔
لندن کی معروف تجارتی شاہراہ آکسفورڈ اسٹریٹ کا ایک حصہ پیر، 26 اکتوبر کو مستقل طور پر ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔ اس حصے سے پہلے لندن کی سرخ ڈبل ڈیکر بسیں اور سیاہ ٹیکسیاں بھی گزرتی تھیں۔ پہلے مرحلے میں سڑک کا تقریباً نصف حصہ پیدل چلنے والوں کے لیے مختص کیا گیا ہے، جبکہ منصوبے کی کامیابی کی بنیاد پر پابندی باقی حصوں تک بڑھائی جا سکتی ہے۔

















































































