پولیس نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر اپوزیشن اتحاد تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کے رہنما مصطفیٰ نواز کھوکھر کو داخلے سے روک دیا۔
اس موقع پر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن لیڈر اور ان کے دیگر ساتھی گزشتہ روز سے پارلیمنٹ کے اندر موجود ہیں اور وہ ان کے لیے ناشتہ لے کر آئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اگر انہیں اندر جانے کی اجازت نہیں دی جاتی تو کم از کم کھانے پینے کی اشیاء تو اندر پہنچانے دی جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ کے دروازوں پر تالے لگے دیکھ کر افسوس ہوا اور ایوان کی بے توقیری پر تشویش کا اظہار کیا۔ ان کے مطابق یہ صورتحال جمہوری اقدار کے منافی ہے اور پارلیمان کے وقار کے لیے سوالیہ نشان بن رہی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے پارلیمنٹ میں احتجاجی دھرنا جاری ہے جس میں اپوزیشن اتحاد کی قیادت بھی شریک ہے۔