کوٹ لکھپت جیل میں قید تحریک انصاف کے پانچ رہنماؤں نے چیف جسٹس پاکستان اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کو مشترکہ خط لکھ کر عمران خان اور بشریٰ بی بی کے علاج، ملاقاتوں اور بنیادی حقوق کے تحفظ کی اپیل کی ہے۔
شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، میاں محمود الرشید اور اعجاز چوہدری نے وکیل کے ذریعے خط بھیجا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سیاسی رہنماؤں کو ناکافی شواہد پر مقدمات اور سزاؤں کا سامنا ہے۔ خط کے مطابق وہ خصوصی رعایت کے بجائے آئینی حقوق کی پاسداری چاہتے ہیں۔
رہنماؤں نے خط میں کہا کہ سپریم کورٹ نے 18 اگست 2026 کو عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے اور امراض قلب و چشم کے ماہرین پر مشتمل بورڈ سے معائنے کا حکم دیا تھا، مگر ان کے بقول اس پر عمل نہیں ہوا۔ انہوں نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی جسمانی و ذہنی صحت پر تحفظات ظاہر کیے اور ڈاکٹروں تک رسائی کا مطالبہ کیا۔
خط میں چیف جسٹس کے جیل اصلاحات کے اقدامات کا حوالہ دے کر کہا گیا کہ قید سے شہری حقوق ختم نہیں ہوتے۔ رہنماؤں نے اہلخانہ، وکلا اور بیٹوں سے ملاقاتوں کے احکامات پر عمل، زیرالتوا مقدمات و اپیلوں کے فوری اور غیرجانبدار فیصلوں، سیاسی و انتظامی مداخلت کے خاتمے اور عدالتی احکامات کی دانستہ خلاف ورزی پر احتساب کی درخواست کی۔


















































































