کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کی تحریک انتخابی نشستوں کے حصول کے بجائے پاکستان اور آنے والی نسلوں کے مستقبل سے متعلق ہے۔
کورنگی میں پارٹی ذمہ داران اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے نئے صوبوں کی مخالفت کرنے والوں پر سخت تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ معمولی تکلیف برداشت نہ کرنے والے سندھ کے شہری علاقوں کو خون میں نہلانے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ 1973 کا آئین ناقابل ترمیم دستاویز نہیں۔ انہوں نے پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خود کو آئین کا محافظ کہنے والی جماعت کے بانی کے بنائے ہوئے آئین میں 27 ترامیم ہوچکی ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد وفاق مالی مشکلات کا شکار ہے، جبکہ صوبے بھاری رقوم ملنے کے باوجود اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کررہے۔ ان کے بقول 16 برس میں سندھ کو وفاق سے 22 ہزار ارب روپے ملے، مگر کراچی سے کشمور تک ترقی کی صورتحال تسلی بخش نہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی نئے صوبوں کی حمایت میں بڑے اجتماع کے ذریعے اپنا فیصلہ سنائے گا۔ انہوں نے اسے تاریخی موقع قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ سال سے عوام کے لیے بہتری کے دور کا آغاز ہوگا۔
















































































