اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کا 30 نومبر سے روس کا پہلا تین روزہ سرکاری دورہ متوقع ہے، جس میں دوطرفہ تعلقات، توانائی تعاون اور سرمایہ کاری کے امکانات پر بات چیت کی جائے گی۔
مجوزہ دورے کے دوران وزیراعظم کی روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات بھی متوقع ہے۔ دونوں رہنما تجارت، دفاع، علاقائی سلامتی، توانائی اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کر سکتے ہیں۔
فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی بھی مذاکرات کے اہم موضوعات میں شامل ہونے کا امکان ہے۔ سابق سوویت یونین کے تعاون سے قائم ہونے والے اس ادارے کی بحالی کے لیے روسی تعاون اور ممکنہ سرمایہ کاری کا جائزہ لیا جائے گا۔
تیل اور گیس کے شعبوں میں روسی سرمایہ کاری، صنعتی ترقی اور معاشی تعاون کے نئے منصوبوں پر گفتگو بھی متوقع ہے۔
روس کے دورے کے بعد وزیراعظم کی 3 اور 4 دسمبر کو تہران میں اقتصادی تعاون تنظیم کے 18ویں سربراہی اجلاس میں شرکت متوقع ہے۔ اجلاس میں دس رکن ممالک کے سربراہان اور نمائندوں کی شرکت اور علاقائی تجارت، توانائی، ٹرانسپورٹ، رابطوں، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔
وزارت خارجہ نے بھی ایران میں 3 اور 4 دسمبر 2026 کو ای سی او کے 18ویں سربراہی اجلاس کے انعقاد کا ذکر کیا ہے۔ پاکستان کی 2026–27 کی ای سی او صدارت کے تناظر میں یہ اجلاس علاقائی معاشی تعاون کے لیے اہم ہوگا۔


















































































