پاکستان کے خلاف منفی تاثر قائم کرنے کے لیے بھارت کی جانب سے افغانستان کے ساتھ مل کر سوشل میڈیا پر منظم ڈس انفارمیشن مہم چلائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کے بارے میں گمراہ کن بیانیہ پھیلانے کے لیے جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا استعمال کیا جا رہا ہے، جبکہ بھارت اور افغانستان کی مشترکہ حکمت عملی کے تحت اسٹریٹجک نوعیت کے ڈس انفارمیشن حملے کیے جا رہے ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایرانی شناخت ظاہر کرنے والے درجنوں سوشل میڈیا اکاؤنٹس درحقیقت بھارت اور افغانستان سے آپریٹ کیے جا رہے ہیں، اور ایران کے نام پر پاکستان کے خلاف منظم اور منصوبہ بند پروپیگنڈا مہم شروع کی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق اس مہم کا آغاز آئی این این ایران نیوز اور ایران ٹی وی جیسے گھوسٹ ایکس اکاؤنٹس سے کیا گیا، جبکہ پاکستان کے خلاف مصنوعی ایرانی ردعمل کو افغانستان سے چلنے والے اکاؤنٹس کے ذریعے وسیع پیمانے پر پھیلایا گیا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان پر امریکا کے لیے تیل کی ترسیل کا جھوٹا الزام عائد کر کے نفرت انگیز پروپیگنڈے کو تقویت دی گئی، جبکہ اس بھارتی ڈس انفارمیشن مہم کا مقصد خطے میں امن کے لیے پاکستان کے اہم کردار کو متنازع بنانا تھا۔
اس مہم کے تحت گھوسٹ سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ پاکستان ایران مخالف اور مغربی ایجنڈے کا حصہ ہے، جبکہ اس قسم کی ڈس انفارمیشن مہم عالمِ اسلام میں بداعتمادی اور تقسیم پیدا کرنے کی ایک خطرناک کوشش قرار دی جا رہی ہے۔