ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات میں معاہدے کے مسودے کو حتمی شکل دینے کے لیے سنجیدہ کوششیں جاری ہیں، جبکہ عرب میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ معاہدے کے حتمی مسودے کا اعلان جلد متوقع ہے۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کی ایک اہم شخصیت کل ایران کا دورہ کر سکتی ہے، اور اس دورے کے دوران ممکنہ طور پر یہ اعلان کیا جا سکتا ہے کہ ایران امریکا معاہدے کا حتمی مسودہ مکمل کر لیا گیا ہے۔
رپورٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ مذاکرات کا اگلا دور حج سیزن کے بعد اسلام آباد میں منعقد ہونے کا امکان ہے، جہاں دونوں ممالک کے نمائندے دوبارہ مذاکراتی عمل کو آگے بڑھائیں گے۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی 24 گھنٹوں کے اندر دوسری بار اہم دورے پر تہران پہنچے ہیں، جہاں انہوں نے ایرانی قیادت سے اہم ملاقاتیں کی ہیں۔
ذرائع کے مطابق محسن نقوی نے ایران امریکا مذاکرات، خطے کی صورتحال اور سفارتی پیش رفت سے متعلق ایرانی حکام سے تبادلہ خیال کیا۔
چند روز قبل بھی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایران کا دورہ کیا تھا، جہاں انہوں نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان، چیف مذاکرات کار محمد باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقاتیں کی تھیں۔
بعد ازاں محسن نقوی ایران سے براہ راست بلوچستان پہنچے تھے، جہاں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی موجود تھے۔
























































































