پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے چوتھے روز بھی زبردست تیزی کا رجحان برقرار رہا، جہاں سرمایہ کاروں کی بھرپور دلچسپی کے باعث 100 انڈیکس میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
کاروبار کے آغاز پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 1.79 فیصد اضافے کے ساتھ تقریباً 2950 پوائنٹس بڑھ گیا، جس کے بعد انڈیکس ایک لاکھ 67 ہزار 782 پوائنٹس کی سطح تک پہنچ گیا۔
معاشی ماہرین کے مطابق مارکیٹ میں مثبت رجحان کی بڑی وجوہات سرمایہ کاروں کا اعتماد، معاشی استحکام سے متعلق توقعات اور مالیاتی شعبے میں بہتری کے امکانات ہیں۔
دوسری جانب انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت میں معمولی کمی دیکھی گئی، جہاں ایک پیسے کی کمی کے بعد ڈالر 278 روپے 55 پیسے پر ٹریڈ کرتا رہا۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اسٹاک مارکیٹ میں تیزی اور روپے کی قدر میں استحکام سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کی نشاندہی کر رہا ہے۔
























































































