فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے پری کوارٹر فائنل میں ناروے نے بڑا اپ سیٹ کرتے ہوئے 5 بار کی عالمی چیمپئن برازیل کو 1-2 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔
نیو جرسی میں کھیلے گئے میچ میں ناروے کے اسٹار اسٹرائیکر ایرلنگ ہالینڈ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں گول اسکور کیے۔
ہالینڈ نے 79ویں منٹ میں پہلا گول کرکے ناروے کو برتری دلائی جبکہ 90ویں منٹ میں دوسرا گول اسکور کرکے برازیل کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا۔
برازیل کی جانب سے نیمار جونیئر نے انجری ٹائم میں پنالٹی کک پر واحد گول اسکور کیا، تاہم وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔ ناروے نے یہ مقابلہ 1-2 سے جیت کر اپنی تاریخ میں پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
فتح کے بعد ناروے کے کھلاڑیوں اور شائقین نے اسٹیڈیم میں بھرپور جشن منایا۔ کوچ اسٹیل سولباکن نے شائقین کا جوش بڑھایا جبکہ میچ کے ہیرو ایرلنگ ہالینڈ نے ڈرم بجا کر ٹیم کے روایتی جشن کی قیادت کی۔
دوسری جانب ورلڈ کپ سے اخراج کے بعد برازیل کے اسٹار نیمار جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور آبدیدہ ہوگئے۔ برازیل کی یہ 1990 کے بعد ورلڈ کپ میں سب سے جلد شکست اور اخراج ہے۔
ناروے کا کوارٹر فائنل میں مقابلہ انگلینڈ سے ہوگا، جس نے میکسیکو کو شکست دے کر اگلے مرحلے میں جگہ بنائی ہے۔




















































































