پاکستان میں پولیو وائرس کے ماحولیاتی نمونوں میں مثبت شرح میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جسے انسدادِ پولیو اقدامات میں پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
نیشنل ای او سی کے مطابق جون 2026 کے دوران ملک بھر سے 127 ماحولیاتی نمونے حاصل کیے گئے، جن میں سے 117 نمونوں میں پولیو وائرس نہیں پایا گیا، جبکہ 10 نمونوں میں وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔
ادارے کے مطابق جنوری سے جون 2026 کے دوران مثبت ماحولیاتی نمونوں کی تعداد 369 سے کم ہو کر 100 رہ گئی ہے۔
نیشنل ای او سی نے بتایا کہ پنجاب سے حاصل کیے گئے تمام 31 ماحولیاتی نمونے پولیو وائرس سے منفی قرار دیے گئے، جبکہ سندھ کے 29 میں سے 28 نمونے منفی آئے۔
اسی طرح خیبرپختونخوا کے 34 میں سے 30 اور بلوچستان کے 23 میں سے 18 ماحولیاتی نمونے بھی پولیو وائرس سے پاک پائے گئے۔
نیشنل ای او سی کے مطابق رواں سال اب تک پاکستان میں پولیو کے 3 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے، جبکہ سال 2026 کے پہلے چھ ماہ کے دوران پولیو وائرس کی مثبت ماحولیاتی شرح 48.1 فیصد سے کم ہو کر 13.1 فیصد رہ گئی ہے۔
ادارے کا کہنا ہے کہ پولیو کے خاتمے کے لیے ماحولیاتی نگرانی، ویکسینیشن کوریج اور بچوں تک رسائی کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔ نیشنل ای او سی نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ پانچ سال سے کم عمر ہر بچے کو ہر انسدادِ پولیو مہم کے دوران لازمی پولیو کے قطرے پلوائیں۔



















































































