اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے اسرائیل جانے والی فلائی دبئی کی پرواز کو مبینہ طور پر گرانے کی کوشش کے معاملے میں شریک پائلٹ حمام الحَمّامی کو سزائے موت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسرائیلی ویب سائٹ وائے نیٹ نے ایک سینئر اماراتی ذریعے کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ طیارے میں موجود تمام افراد کو ہلاک کرنے کی کوشش کے الزام میں شریک پائلٹ کو ممکنہ طور پر سخت ترین سزا دی جائے گی۔
دوسری جانب تحقیقات میں شرکت کے لیے اسرائیلی انٹیلی جنس اہلکار بھی متحدہ عرب امارات پہنچ گئے ہیں۔
پرواز میں پیش آنے والے واقعے کی تفصیلات
گزشتہ دنوں دبئی سے اسرائیل جانے والی اماراتی پرواز میں ایک پائلٹ نے دوسرے پائلٹ کو چاقو سے حملہ کرکے زخمی کردیا تھا۔ واقعے کے دوران طیارے کا کنٹرول چھیننے اور اسے گرانے کی کوشش کی گئی تھی۔
طیارے میں مجموعی طور پر 174 مسافر سوار تھے، جن میں 169 اسرائیلی شامل تھے۔ حملہ کرنے والا پائلٹ سعودی حکام کی حراست میں ہے۔
پرواز میں موجود مسافروں نے بروقت مداخلت کرتے ہوئے شریک پائلٹ کو قابو کیا، جس کے بعد صورتحال پر کنٹرول حاصل کیا گیا۔
بعد ازاں اسی پرواز میں سفر کرنے والے ایئرلائن کے دیگر آف ڈیوٹی پائلٹس نے طیارے کا کنٹرول سنبھالا اور اسے بحفاظت سعودی عرب میں اتار لیا۔




















































































