محکمہ موسمیات نے کراچی میں پیر سے گرمی کی شدت میں اضافے کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں اس وقت مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہے جبکہ جنوب مغرب سے 10 سے 20 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پیر سے شہر میں گرمی بڑھنے کا امکان ہے جس کے باعث درجہ حرارت میں بھی اضافہ متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کے زائد دباؤ کے باعث کراچی میں سمندری ہواؤں کی رفتار متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جس کے نتیجے میں پیر سے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہ سکتا ہے۔
آئندہ 2 سے 3 روز کے دوران شہر کا مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے جبکہ چند روز بعد درجہ حرارت اکتوبر کے معمول کے مطابق رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ 12 اکتوبر سے ایک نیا مغربی سلسلہ ملک کے بالائی اور شمالی علاقوں پر اثر انداز ہوگا، جس کے زیر اثر بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ہوسکتی ہے۔

















































































