اسلام آباد: تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے صوبائی سطح پر قرارداد اور دو تہائی اکثریت کی حمایت درکار ہوگی، جبکہ ریفرنڈم آئینی ترمیم کی جگہ نہیں لے سکتا۔
صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے نئے صوبوں سے متعلق جاری بحث پر پارٹی کا مؤقف بیان کرتے ہوئے صوبائی حمایت کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے میں ریفرنڈم کو آئینی ترمیم کا متبادل نہیں بنایا جاسکتا۔
بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ تحریک انصاف اپوزیشن کی دیگر جماعتوں سے مشاورت کرے گی۔ اس کے بعد عمران خان سے ہدایات لے کر آئندہ کا لائحہ عمل پیش کیا جائے گا۔
انہوں نے نئے صوبوں کے بارے میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے وزرا کے مختلف بیانات پر بھی تنقید کی اور ان کے اختلاف کو نورا کشتی قرار دیا۔
















































































