پاکستانی اداکار اور نامور میزبان دانش تیمور کو چار شادیوں سے متعلق بیان دینا مہنگا پڑگیا۔
سال 2005 میں ایک ہارر ڈرامے ‘مسٹری سیریز’ سے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھنے والے دانش تیمور کا شمار ان باصلاحیت فنکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے بہت کم عرصے میں اپنے فن کا لوہا منوایا۔
اور صرف ڈراموں تک ہی انکی صلاحتیں محدود نہ رہیں بلکہ سال 2015 میں یاسر جسوال کی تھرلر فلم ‘جلیبی’ میں کام کر کے فلمی دنیا میں انٹری دی اور پھر 2015 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘رانگ نمبر’ میں بھی کام کیا جبکہ 2017 میں وہ ‘مہرونسا وی لَو یو’ میں اداکارہ ثناء جاوید کے ساتھ اداکاری کے جوہر دکھاتے نظر آئے۔
اور پھر بات اداکاری تک ہی محدود نہ رہی بلکہ ان کی ازدواجی زندگی بھی کامیابی کی ایک مثال ہے۔ انہوں نے سال 2014 میں اداکارہ عائزہ خان سے شادی کی تھی اور اپنی محبت کو مضبوط رشتے میں بدل دیا۔ محبت کی شادی کرنے والی اس جوڑی کے گھر ایک بیٹی حورین اور بیٹا ریان پیدا ہوئے۔
ان دنوں دانش تیمور سابقہ نیوز اینکر اور ٹیلی ویژن ہوسٹ رابعہ انعم کیساتھ گرین انٹرنینمنٹ کی خصوصی رمضان ٹرانسمیشن کا حصہ بنے میزبانی کے فرائض سرانجام دیتے نظر آرہے ہیں۔
ان نشریات میں دانش تیمور نے اپنی زندگی کے نجی پہلو بھی کھل کر بیان کیے اور ساتھ ہی اپنے مفید مشوروں سے لوگوں کی رہنمائی کرتے بھی سنائی دیے۔
تاہم ایک سیگمنٹ کے دوران، جب شرکاء کے درمیان گفتگو ہو رہی تھی تو دانش تیمور نے چار شادیوں سے متعلق ایک بیان دیا۔
دانش تیمور کا اپنی اہلیہ کے سامنے کہنا تھا کہ،’اللہ تعالیٰ نے مرد کو چار شادیوں کی اجازت ہاں البتہ میں کر نہیں رہا وہ الگ بات ہے،کیونکہ اللہ نے مجھے اسکا حق دیا ہے۔
انہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ،’ لیکن میں ایسا نہیں کروں گا کیونکہ میں اپنی بیوی سے محبت کرتا ہوں اور اس کا احترام کرتا ہوں، لیکن پھر بھی مجھے یہ حق حاصل ہے۔’
اس سے قبل بھی دانش کا مزید شادیوں سے بیان دیتے ہوئے کہنا تھا کہ،’ میں اپنی ایک شادی سے خوش ہوں اور دوسری شادی کے بارے میں سوچ بھی نہیں رہا۔’
تاہم سوشل میڈیا صارفین کو دانش کے چار شادیوں والا بیان کچھ خاص پسند نہیں آیا اور کمنٹ سیکشن میں انہیں کھل کر تنقید نشانہ بناڈالا۔
انٹرنیٹ صارفین نے سخت ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ بیان عائزہ خان کے لیے شرمندگی کا باعث بنا، اور دانش تیمور کو اتنا خود پسند اور خود غرض نہیں ہونا چاہیے تھا۔
کچھ صارفین نے یہ نکتہ اٹھایا کہ اسلام میں چار شادیوں کی اجازت مخصوص شرائط کے ساتھ دی گئی ہے، لیکن مرد صرف اپنی مرضی کے مطابق اس حق کا ذکر کرتے ہیں، بغیر ان شرائط کو سمجھے۔