قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ مل کر کام کرنے اور قومی کرکٹ کی بہتری کیلئے کردار ادا کرنے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔
یونس خان نے کراچی میں بلدیہ ٹاؤن اسٹیڈیم کا دورہ کیا، جہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر انہیں موقع ملا تو وہ کسی بھی حیثیت میں پاکستان کی خدمت کیلئے تیار ہیں۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ اگر قومی ٹیم کے ساتھ کوئی ذمہ داری سونپی گئی تو وہ اسے بھرپور انداز میں نبھانے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہر ٹیم کو تجربہ کار سابق کھلاڑیوں اور معاون عملے کی ضرورت ہوتی ہے، تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کی بہتر رہنمائی کی جا سکے اور ٹیم کی کارکردگی میں بہتری لائی جا سکے۔
یونس خان نے مزید کہا کہ چاہے وہ خود ہوں یا کوئی اور سابق کرکٹر، جسے بھی موقع ملے اسے ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر پاکستان کی خدمت کرنی چاہیے۔
واضح رہے کہ یونس خان پاکستان کرکٹ کی تاریخ کے کامیاب ترین بلے بازوں میں شمار ہوتے ہیں اور 2009 میں پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ جتوانے والی ٹیم کے کپتان بھی رہے ہیں۔






















































































