محکمہ موسمیات نے سندھ بھر میں شدید گرمی کی پیشگوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ آئندہ دنوں میں ہیٹ ویو کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، جس کے باعث مختلف علاقوں میں درجہ حرارت غیر معمولی حد تک بڑھنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے بیشتر اضلاع میں آج موسم گرم، شدید گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے، جبکہ دن کے اوقات میں گرمی کی شدت مزید بڑھ سکتی ہے جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ آج سے 3 مئی تک سندھ کے وسطی اور بالائی علاقوں میں ہیٹ ویو کے اثرات نمایاں رہ سکتے ہیں، جہاں جامشورو، دادو اور شہید بینظیر آباد میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
اسی طرح گھوٹکی اور سانگھڑ میں بھی درجہ حرارت میں 4 سے 6 ڈگری اضافے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ خیرپور، نوشہرو فیروز، جیکب آباد، لاڑکانہ اور سکھر کے علاقے بھی اس شدید گرمی کی لہر کی لپیٹ میں رہنے کا امکان ہے، جس سے روزمرہ زندگی متاثر ہو سکتی ہے۔























































































