نیوزی لینڈ کے مایہ ناز بلے باز اور سابق کپتان کین ولیمسن نے بین الاقوامی کرکٹ سے فوری ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے، جس کے ساتھ ہی ان کے شاندار 16 سالہ عالمی کیریئر کا اختتام ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق 35 سالہ کین ولیمسن انگلینڈ کے خلاف جاری تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کیلئے نیوزی لینڈ کے اسکواڈ میں شامل تھے، تاہم ریٹائرمنٹ کے فیصلے کے بعد وہ سیریز کے باقی دو میچز میں شرکت نہیں کریں گے۔
اپنے بیان میں کین ولیمسن نے کہا کہ وہ کافی عرصے سے اس فیصلے پر غور کر رہے تھے، لیکن حالیہ دنوں میں انہیں محسوس ہوا کہ بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہنے کا یہی مناسب وقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی نمائندگی کرنا ہمیشہ ان کیلئے اعزاز رہا اور انہوں نے ہر میچ میں اپنی بہترین کارکردگی دینے کی کوشش کی۔
کین ولیمسن نیوزی لینڈ کی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے کامیاب ترین بلے باز کے طور پر ریٹائر ہوئے ہیں۔
انہوں نے 110 ٹیسٹ میچز میں 9515 رنز بنائے، جبکہ ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں 7256 اور ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں 2575 رنز اسکور کیے۔
ان کے کیریئر کی سب سے بڑی کامیابی 2021 میں نیوزی لینڈ کو عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا پہلا ٹائٹل دلوانا تھی۔
بطور کپتان انہوں نے نیوزی لینڈ کو متعدد عالمی مقابلوں کے فائنلز اور سیمی فائنلز تک بھی پہنچایا اور اپنی قائدانہ صلاحیتوں سے دنیا بھر میں داد سمیٹی۔
نیوزی لینڈ کے ہیڈ کوچ روب والٹر نے کین ولیمسن کو عظیم کھلاڑی، مثالی قائد اور کرکٹ کا بہترین سفیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات اور اثرات طویل عرصے تک نیوزی لینڈ کرکٹ کا حصہ رہیں گے۔























































































