پنجاب حکومت نے ماس ٹرانزٹ سسٹم کے تحت چلنے والی تمام عوامی ٹرانسپورٹ سروسز پر مفت سفر کی سہولت ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
انچارج ماس ٹرانزٹ اتھارٹی عزیر شاہ کے مطابق اورنج لائن ٹرین، میٹرو بس اور اسپیڈو بس سروس پر مفت سفر کی سہولت اب دستیاب نہیں ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ کرایوں کا دوبارہ اطلاق لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں چلنے والی تمام متعلقہ ٹرانسپورٹ سروسز پر کیا جا رہا ہے۔
عزیر شاہ کے مطابق نئے فیصلے کے تحت کل سے تمام مسافروں سے مقررہ کرایہ وصول کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ماس ٹرانزٹ نظام کو مؤثر انداز میں چلانے اور آپریشنل اخراجات پورے کرنے کیلئے کرایوں کی وصولی دوبارہ شروع کی جا رہی ہے۔
اس فیصلے کے بعد اورنج لائن ٹرین، میٹرو بس اور اسپیڈو بس استعمال کرنے والے مسافروں کو سفر کیلئے باقاعدہ کرایہ ادا کرنا ہوگا۔























































































