معروف پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے امریکا کی ہارورڈ یونیورسٹی میں منعقدہ پاکستان کانفرنس میں شرکت کرتے ہوئے عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کی اور ملک کا مثبت تشخص اجاگر کیا۔
تفصیلات کے مطابق ہارورڈ یونیورسٹی میں پاکستان اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والی اس کانفرنس میں پاکستان کی سیاسی، تعلیمی، کاروباری اور شوبز شخصیات نے شرکت کی، جبکہ کانفرنس کا مقصد پاکستان کو درپیش چیلنجز، ترقی کے مواقع اور مستقبل کے امکانات پر مکالمہ اور تبادلہ خیال کو فروغ دینا تھا۔
کانفرنس کے دوران ماہرہ خان نے پاکستان کی ثقافت، مثبت شناخت اور عالمی سطح پر ملک کی نمائندگی کے حوالے سے اظہارِ خیال کیا، جسے شرکاء کی جانب سے بھرپور سراہا گیا اور ان کے خیالات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا گیا۔
ماہرہ خان نے اس موقع پر اپنی تصاویر انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ لمحہ ان کی زندگی کے ان یادگار لمحات میں سے ہے جو ہمیشہ کے لیے ذہن میں محفوظ رہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ کچھ خواب ایسے ہوتے ہیں جنہیں انسان صرف دیکھتا ہے، جبکہ کچھ خواب ایسے ہوتے ہیں جنہیں کائنات خود حقیقت کا روپ دے دیتی ہے، اور یہ لمحہ بھی انہی میں سے ایک تھا۔
انہوں نے مزید لکھا کہ وہ شکر گزار ہیں کہ انہیں اپنی کہانی کا ایک حصہ دوسروں کے ساتھ شیئر کرنے کا موقع ملا، ایک ایسی کہانی جو اپنے چاہنے والوں کے بغیر مکمل نہیں ہوتی، اور اس سفر میں ساتھ دینے والوں کا انہوں نے خصوصی شکریہ بھی ادا کیا، خاص طور پر ان افراد کا جن سے ان کی ملاقات اسی کانفرنس کے دوران ہوئی۔
ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ وہ صرف اپنی ذات کی نہیں بلکہ اپنے ملک اور اس سرزمین کی نمائندگی کرتی ہیں جہاں سے ان کا تعلق ہے، اور ہارورڈ یونیورسٹی میں خطاب کرنا ان کے لیے ایک بڑا اعزاز تھا۔
انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شدید سردی کے باوجود طلبہ کی جانب سے ملنے والی گرمجوشی نے اس تجربے کو مزید خوشگوار بنا دیا، اور انہوں نے اس پر تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں جن میں سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر، گلوکارہ مومنہ مستحسن اور معروف فیشن ڈیزائنر حسن شہریار یاسین شامل تھے، جبکہ ماہرہ خان کی اس شرکت کو عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کے فروغ کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔






















































































