انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹیسٹ کرکٹ میں خراب روشنی کے باعث ضائع ہونے والے کھیل کے وقت کو کم کرنے کے لیے ایک اہم آزمائشی اقدام کی منظوری دے دی ہے۔
آئی سی سی کے نئے فیصلے کے مطابق ایسے ٹیسٹ میچز میں جہاں خراب روشنی کے باعث کھیل متاثر ہونے کا خدشہ ہو، دونوں ٹیموں کی پیشگی رضامندی سے سرخ گیند کے بجائے گلابی گیند استعمال کی جا سکے گی۔
یہ فیصلہ احمد آباد میں ہونے والے آئی سی سی بورڈ اجلاس کے دوران منظور کیا گیا۔
گلابی گیند اب تک صرف ڈے نائٹ ٹیسٹ میچز میں استعمال کی جاتی رہی ہے، تاہم نئے تجربے کا مقصد فلڈ لائٹس میں کھیل کو جاری رکھنا اور خراب روشنی کی وجہ سے ضائع ہونے والے اوورز کی تعداد کم کرنا ہے۔
آئی سی سی نے کرکٹ قوانین میں مزید کئی اہم تبدیلیوں کی بھی منظوری دی ہے۔ نئے ضوابط کے تحت ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں ہیڈ کوچ یا نامزد سپورٹ اسٹاف کو ڈرنکس بریک کے دوران میدان میں آ کر کھلاڑیوں سے مشاورت کرنے کی اجازت ہوگی۔
اسی طرح ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں دونوں اننگز کے درمیان وقفہ 15 منٹ مقرر کر دیا گیا ہے۔
آئی سی سی نے لیگ سائیڈ وائیڈ گیندوں کے فیصلوں کے لیے متعارف کرائی گئی گائیڈ لائنز کو بھی مستقل قانون کا حصہ بنا دیا ہے۔
مزید برآں مشکوک باؤلنگ ایکشن کی جانچ پڑتال کے لیے امپائرز کو ہاک آئی ڈیٹا تک رسائی فراہم کرنے کی منظوری بھی دی گئی ہے تاکہ فیصلوں میں مزید شفافیت لائی جا سکے۔























































































