وزیراعظم شہباز شریف نے ایم کیو ایم پاکستان کے مطالبے پر کراچی اور حیدرآباد کیلئے خصوصی ترقیاتی پیکج کی منظوری پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے وزیراعظم شہباز شریف سے بجٹ، بلدیاتی نظام اور سندھ کی سیاسی صورتحال سمیت مختلف امور پر تفصیلی گفتگو کی۔
وفد میں خالد مقبول صدیقی، فاروق ستار، مصطفیٰ کمال، امین الحق اور جاوید حنیف شامل تھے جبکہ وزیراعظم کے ہمراہ اسحاق ڈار، رانا ثناء اللہ، احسن اقبال، اعظم نذیر تارڑ اور عطا اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران بجٹ تجاویز، بلدیاتی حکومتوں سے متعلق مجوزہ آئینی ترمیمی بل اور سندھ میں گورنر کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کراچی کیلئے 20 ارب روپے اور حیدرآباد کیلئے 5 ارب روپے کے ترقیاتی پیکج پر اصولی اتفاق کر لیا ہے، جس کے تحت دونوں شہروں میں بنیادی ڈھانچے اور شہری سہولیات کے منصوبوں پر کام کیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے ایم کیو ایم کے مجوزہ آئینی ترمیمی بل پر پاکستان پیپلز پارٹی سے مشاورت کرنے اور معاملے کو آگے بڑھانے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ایم کیو ایم پاکستان کے مجوزہ آئینی ترمیمی بل کی حمایت کرتی ہے اور اس حوالے سے مثبت پیش رفت کیلئے کردار ادا کرے گی۔























































































