پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ کی روایتی رقابت اب ویمنز کرکٹ کے میدان میں بھی نظر آئے گی۔ قومی ویمنز ٹیم 5 اکتوبر کو کولمبو میں شیڈول آئی سی سی ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ کے اہم مقابلے میں بھارتی ویمنز ٹیم کا سامنا کرے گی۔ ٹیم کل سری لنکا روانہ ہوگی تاکہ ایونٹ میں اپنی مہم کا آغاز کر سکے۔
ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ کا آغاز 30 ستمبر سے ہو رہا ہے، اور اس کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان ویمنز ٹیم اس وقت لاہور میں جنوبی افریقا ویمنز کے خلاف سیریز کھیل رہی ہے۔ اب تک کھیلے گئے دونوں میچز میں جنوبی افریقا کی ٹیم نے کامیابی حاصل کی ہے، جبکہ سیریز کا آخری میچ آج کھیلا جا رہا ہے۔ میچ کے اختتام کے بعد پاکستانی ٹیم سری لنکا اور جنوبی افریقا کی ٹیم بھارت روانہ ہوگی۔
پاکستانی ویمنز ٹیم اپنے تمام ورلڈ کپ میچز کولمبو میں کھیلے گی۔ ایونٹ میں پاکستان کا پہلا میچ 2 اکتوبر کو بنگلہ دیش کے خلاف ہوگا، اس کے بعد 5 اکتوبر کو روایتی حریف بھارت کے خلاف بڑا مقابلہ ہوگا۔
مزید شیڈول کے مطابق، پاکستان کا تیسرا میچ 8 اکتوبر کو آسٹریلیا کے ساتھ، چوتھا میچ 15 اکتوبر کو انگلینڈ کے ساتھ، پانچواں میچ 18 اکتوبر کو نیوزی لینڈ کے ساتھ، چھٹا میچ 21 اکتوبر کو جنوبی افریقا کے خلاف جبکہ آخری میچ 24 اکتوبر کو سری لنکا کے خلاف ہوگا۔