اسلام آباد: ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ایران اور امریکا کے درمیان کسی بھی ممکنہ ملاقات کے منصوبے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں ایسی کوئی میٹنگ طے نہیں ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ترجمان نے بتایا کہ وہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے ہمراہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچے ہیں، جہاں اہم سفارتی ملاقاتیں متوقع ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس دورے کے دوران پاکستان کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں ہوں گی، جن میں پاکستان کی جانب سے جاری سفارتی ثالثی کے اقدامات اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اسماعیل بقائی نے واضح کیا کہ امریکا کی جانب سے مسلط کردہ جارحانہ جنگ کے خاتمے اور خطے میں امن کی بحالی سے متعلق امور بھی زیر بحث آئیں گے تاکہ کشیدگی میں کمی لائی جا سکے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ اس دورے میں ایران اور امریکا کے درمیان کسی بھی براہ راست ملاقات کا کوئی شیڈول موجود نہیں، تاہم ایرانی وفد پاکستانی حکام کے ساتھ ملاقاتوں میں اپنے مشاہدات اور مؤقف سے آگاہ کرے گا۔























































































