اسلام آباد: پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 10 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا ہے، جبکہ پبلک ٹرانسپورٹرز نے بھی کرایوں میں 5 فیصد اضافہ نافذ کر دیا ہے۔
ملک شہزاد اعوان نے اپنے بیان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے کے اثرات براہِ راست ٹرانسپورٹ سیکٹر پر پڑ رہے ہیں، جس کے باعث کرایوں میں اضافہ ناگزیر ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلسل پٹرولیم قیمتوں میں اضافے سے ملک میں مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ ان کے بقول حکومتی پالیسیوں کے باعث لاکھوں افراد کے روزگار بھی متاثر ہو رہے ہیں۔
صدر گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے مزید مطالبہ کیا کہ موٹروے پولیس اور ٹریفک پولیس سمیت دیگر اداروں کی جانب سے عائد کیے جانے والے چالان بھی ختم کیے جائیں تاکہ ٹرانسپورٹرز کو مزید مالی بوجھ سے بچایا جا سکے۔
دوسری جانب پبلک ٹرانسپورٹرز نے بھی کرایوں میں 5 فیصد اضافے کا اعلان کرتے ہوئے اس کا اطلاق فوری طور پر کر دیا ہے، جس کے باعث عوام پر اضافی مالی دباؤ بڑھنے کا امکان ہے۔























































































