اسلام آباد: ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پاکستان کے دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر سے اہم ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی سفارتخانے کے جاری کردہ بیان کے مطابق عباس عراقچی نے اپنے دورے کے دوران پہلی باضابطہ ملاقات فیلڈ مارشل عاصم منیر سے کی، جسے دوطرفہ تعلقات کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ آج وزیراعظم شہباز شریف سے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کریں گے، جس میں سیاسی اور عسکری قیادت بھی شریک ہوگی، جبکہ ایرانی وفد بھی اس ملاقات کا حصہ ہوگا۔
اطلاعات کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات، خطے کی موجودہ صورتحال اور اہم سفارتی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا، جبکہ آئندہ کے سفارتی رابطوں کے حوالے سے بھی غور کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے بعد ایرانی وفد مسقط اور ماسکو کا دورہ کرے گا، جہاں مزید سفارتی روابط کو آگے بڑھایا جائے گا، جبکہ پاکستان کے ساتھ ہونے والی مشاورت کی روشنی میں امریکی حکام کو بھی آگاہ کیا جائے گا۔
ایرانی حکام کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے شیڈول کا حتمی تعین ابھی نہیں ہوا، تاہم مسقط اور ماسکو کے دوروں کے بعد صورتحال مزید واضح ہونے کی توقع ہے۔























































































