امریکی محکمۂ خارجہ نے پشاور میں قائم امریکی قونصل خانے کو مرحلہ وار بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جسے سفارتی اور انتظامی سطح پر ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
امریکی محکمۂ خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق خیبر پختون خوا سے متعلق تمام سفارتی امور کی ذمے داری اب اسلام آباد میں قائم امریکی سفارت خانے کو منتقل کر دی جائے گی، جہاں سے آئندہ تمام معاملات کی نگرانی کی جائے گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ سفارتی عملے کی سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے اور دستیاب وسائل کے بہتر استعمال کے تناظر میں کیا گیا ہے، تاکہ سفارتی سرگرمیوں کو منظم انداز میں جاری رکھا جا سکے۔
امریکی محکمۂ خارجہ کا کہنا ہے کہ اس تبدیلی کے باوجود پاکستان سے متعلق امریکا کی پالیسی ترجیحات میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی، جبکہ خیبر پختون خوا کے عوام اور حکام کے ساتھ روابط بھی برقرار رکھے جائیں گے۔
بیان کے مطابق امریکا خطے میں معاشی تعلقات، ترقیاتی تعاون اور سفارتی روابط کو مزید فروغ دینے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔























































































