ناروے کی وزارت توانائی نے اعلان کیا ہے کہ یورپ کو گیس کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے بحیرۂ شمال میں واقع تین گیس فیلڈز دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جہاں سے سنہ 2028 میں دوبارہ پیداوار شروع کی جائے گی۔
یورپ کے سب سے بڑے گیس برآمد کنندہ ملک کی جانب سے یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب یوکرین اور مشرق وسطیٰ میں جاری جنگوں نے یورپ کی توانائی سپلائی سے متعلق خدشات کو مزید بڑھا دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ تینوں گیس فیلڈز سنہ 1998 میں بند کر دی گئی تھیں، جبکہ ابتدائی تخمینوں کے مطابق ان میں موجود ذخائر 9 کروڑ سے 12 کروڑ ملین بیرل تیل کے مساوی ہو سکتے ہیں۔
ناروے کی وزارت توانائی کے مطابق ان فیلڈز سے حاصل ہونے والی گیس جرمنی کے شہر ایمڈن تک برآمد کی جائے گی، جبکہ گیس کو مائع شکل میں منتقل کر کے برطانیہ بھی بھیجا جائے گا۔
ماہرین کے مطابق ناروے کا یہ اقدام یورپ کی توانائی ضروریات پوری کرنے اور مستقبل میں گیس سپلائی کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔






















































































