اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ بھارت میں اسرائیل کو بھرپور حمایت حاصل ہے اور تقریباً ڈیڑھ ارب آبادی والے ملک کے عوام اسرائیل کے ساتھ کھڑے ہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے فوکس نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں نیتن یاہو نے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے اس بیان پر ردعمل دیا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس وقت اسرائیل کے واحد طاقتور اتحادی ہیں۔
نیتن یاہو نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہاؤس میں اسرائیل کے اب تک کے بہترین دوست ہیں، تاہم وہ اسرائیل کے واحد دوست نہیں ہیں۔
اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارت کی آبادی 1.4 ارب ہے اور وہاں اسرائیل کو زبردست حمایت حاصل ہے۔
انہوں نے اپنے فیس بک پیج پر ملنے والی حمایت کا بھی ذکر کیا، جس کا تعلق بظاہر بھارتی صارفین سے ہے، اور اسے بھارت میں اسرائیل کے لیے عوامی حمایت کی مثال قرار دیا۔
نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل کے اور بھی بہت سے دوست ہیں، تاہم انہوں نے دیگر ممالک کے نام نہیں بتائے۔
ان کا کہنا تھا کہ مختلف ممالک میں اسرائیل مخالف جذبات میں اضافے کے باوجود دنیا کے متعدد رہنما دفاع، ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں اسرائیل کے ساتھ تعاون کے خواہاں ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے گزشتہ ماہ امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر اسرائیلی ردعمل کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ اس وقت دنیا کے واحد طاقتور رہنما ہیں جو اسرائیل کے ساتھ ہمدردی رکھتے ہیں۔





















































































