فیفا ورلڈ کپ 2026 کے پری کوارٹر فائنل میں دفاعی چیمپئن ارجنٹینا نے مصر کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2-3 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔
امریکی شہر اٹلانٹا میں کھیلے گئے راؤنڈ آف 16 کے میچ میں ارجنٹینا نے 2 گول کے خسارے میں جانے کے بعد شاندار واپسی کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔
پہلے ہاف میں مصر کی جانب سے یاسر ابراہیم نے پہلا گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔
ارجنٹینا کو میچ کے دوران پنالٹی ملی، تاہم کپتان لیونل میسی گول کرنے میں ناکام رہے۔ مصری گول کیپر مصطفیٰ شبیر نے شاندار انداز میں میسی کی پنالٹی روک لی۔
مصر کی جانب سے مصطفیٰ زیکو نے ایک اور گول کیا، تاہم ریفری نے اسے فاؤل قرار دے کر مسترد کردیا۔
کچھ ہی دیر بعد مصطفیٰ زیکو نے شاندار گول کرکے مصر کی برتری 0-2 کردی۔
ارجنٹینا نے دوسرے ہاف کے 80 ویں منٹ میں اپنا پہلا گول اسکور کیا، جبکہ 3 منٹ بعد لیونل میسی نے گول کرکے مقابلہ 2-2 سے برابر کردیا۔
میچ کے آخری لمحات میں ارجنٹینا نے تیسرا گول کرکے 2-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
ارجنٹینا کی جانب سے رومیرو، لیونل میسی اور فرنینڈیز نے گول اسکور کیے، جبکہ مصر کی جانب سے یاسر ابراہیم اور مصطفیٰ زیکو نے گول کیے۔
ارجنٹینا کا کوارٹر فائنل میں مقابلہ کولمبیا اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان ہونے والے میچ کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔
میچ کے دوران مصری ٹیم کے ہیڈ کوچ حسام حسن کو ریفری سے شدید احتجاج اور بحث کرنے پر پیلا کارڈ دکھایا گیا۔
حسام حسن نے ریفری کے بعض فیصلوں پر سخت اعتراض کیا، جس کے بعد ریفری نے انہیں وارننگ دیتے ہوئے یلو کارڈ جاری کیا۔





















































































