واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان ہونے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے تینوں ممالک کی قیادت کو مبارکباد دی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ انہیں یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی کہ سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان نے بالآخر مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کردیے ہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ یہ معاہدہ اس بات کا مظہر ہے کہ مشرق وسطیٰ متحد ہو رہا ہے اور خطے کے ممالک بالآخر زیادہ مؤثر انداز میں اپنا دفاع کرنے کے قابل ہوں گے۔
امریکی صدر نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کی قیادت کو مبارکباد دیتے ہوئے معاہدے کو ایک بڑا، جرات مندانہ اور اہم پہلا قدم قرار دیا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ 7 اگست کو مکہ میں طے پایا تھا۔
معاہدے کے تحت پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ میں سے کسی ایک ملک پر حملہ تینوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے۔
پاکستانی دفتر خارجہ نے اس معاہدے میں مستقبل میں توسیع کا اشارہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ امن و سلامتی کے حوالے سے مکہ معاہدہ صرف تین ممالک تک محدود نہیں ہے۔





















































































