کراچی: سندھ حکومت نے پانچ پولیس سروس آف پاکستان افسران کو بلوچستان بھیجنے کے لیے ریلیو نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور وفاقی حکومت کو خط کے ذریعے اپنے مؤقف سے آگاہ کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق خط میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ افسران صوبے کے مختلف اضلاع میں ایس ایس پی کے طور پر تعینات ہیں اور سندھ حکومت ان کی خدمات جاری رکھنا چاہتی ہے۔
ان میں ایس ایس پی حیدرآباد شاہزیب چاچڑ، ایس ایس پی جامشورو ظفر صدیق، ایس ایس پی سکھر احمد فیصل، ایس ایس پی مٹیاری عبدالعلیم بلو اور ایس ایس پی ٹنڈو محمد خان حسیب میمن شامل ہیں۔
صوبائی حکومت نے خط میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ تبادلے اس سے مشاورت کے بغیر کیے گئے اور یہ سول سروس رولز 1954 اور سندھ رولز آف بزنس کے خلاف ہیں۔ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی ہدایت پر افسران کو ریلیو کرنے کا عمل روک دیا گیا ہے۔















































































