اسلام آباد: وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج کی مدت بڑھائی جائے گی اور ان کے مطابق پیپلز پارٹی بھی اس اقدام پر متفق ہے۔
ایک ٹیلی وژن پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ 11 دسمبر سے پہلے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے گا، جس میں گورنر راج میں توسیع کا معاملہ آگے بڑھایا جائے گا۔
طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ گورنر راج چھ ماہ میں ختم ہو جائے گا، تاہم دہشت گردی کے خاتمے تک ایمرجنسی برقرار رہے گی۔
اسی گفتگو میں شریک پیپلز پارٹی کی سیکرٹری اطلاعات شازیہ مری نے زور دیا کہ کوئی اقدام آئین کے خلاف یا زور زبردستی سے نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت کو ابھی کھیل کے میدان میں آنے کی دعوت نہیں دی گئی اور اس کے اسٹروک بعد میں سامنے آئیں گے۔

















































































