اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی جئے پرکاش بھی کورونا وائرس سے متاثر ہو گئے ہیں۔
جے پرکاش کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے جس کے بعد انہوں نے خود کو گھر میں آئسولیٹ کر لیا ہے۔
جے پرکاش نے جمعہ کو کورونا وائرس کے ٹیسٹ کے بعد 4 بجے قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کی۔
پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی نے ہفتے کی رات پارلیمنٹ لاجز میں دعوت کا اہتمام کیا جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی شرکت کی۔
شاہ محمود قریشی کے اسٹاف کا بھی کورونا ٹیسٹ کیا جا رہا ہے۔
دعوت میں رکن اسمبلی لعل چند اور عمر کوٹ سے پی ٹی آئی کارکنان نے بھی شرکت کی، رکن اسمبلی لعل چاند نے جے پرکاش کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد خود کو قرنطینہ کر لیا۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 1 لاکھ 3 ہزار 671 افراد میں اس وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے جب کہ 2 ہزار 67 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 728 نئے کیسز رپورٹ ہوئےجبکہ مزید 65 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ ملک بھر میں کورونا سےمتاثرہ 34 ہزار 355 مریض صحتیاب ہو گئے۔