اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن کے فائنل کے موقع پر شائقین کو اسٹیڈیم میں آنے کی اجازت دے دی ہے، جس کے بعد کرکٹ شائقین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ انہوں نے وزیراعظم سے درخواست کی تھی کہ فینز کو اسٹیڈیم میں آنے کی اجازت دی جائے، جس پر وزیراعظم نے مثبت ردعمل دیتے ہوئے منظوری دے دی۔
محسن نقوی کے مطابق وزیراعظم بھی اس بات کے حامی تھے کہ شائقین کو فائنل میچ میں شرکت کا موقع ملنا چاہیے، جبکہ فرنچائز مالکان کی درخواست پر بھی اس فیصلے کو حتمی شکل دی گئی۔
انہوں نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ وزیراعظم نے ملک میں جاری کفایت شعاری مہم پر بھی زور دیا ہے تاکہ موجودہ معاشی حالات میں اخراجات کو کنٹرول کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور امریکا ایران تنازع کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر حکومت نے ملک بھر میں کفایت شعاری مہم کا اعلان کر رکھا ہے۔























































































