سعودی نائب وزیرسرمایہ کاری ابراہیم بن یوسف المبارک کا کہنا ہے کہ سعودی عرب پاکستان کوسرمایہ کاری کیلئے انتہائی موزوں سمجھتا ہے اور پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط دیکھنا چاہتا ہے۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب سعودی نائب وزیر برائے سرمایہ کاری ابراہیم بن یوسف المبارک کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان نجی و سرکاری شعبے میں شراکت دار کو بلندیوں تک لے جانا چاہتے ہیں۔
ابراہیم بن یوسف المبارک کا کہنا تھا کہ بڑی تعداد میں پاکستانی سعودی عرب کی ترقی میں کردار ادا کر رہے ہیں اور سعودی عرب پاکستان کو سرمایہ کاری کیلئے انتہائی موزوں ملک سمجھتا ہے۔
سعودی نائب وزیرسرمایہ کاری نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط دیکھنا چاہتا ہے، سعودی سرمایہ کار پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان آکر خوشی محسوس کر رہا ہوں، ہمارا دورہ پاکستان گزشتہ دورے کی کڑی ہے، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بہت سی اقدار مشترک ہیں۔
سعودی وزیر کا کہنا تھا سعودی حکومت اور کمپنیاں سرمایہ کاری کیلئے پاکستان کو ترجیح دے رہی ہیں، ہماری کوشش ہے کہ دونوں ممالک کی تجارت ایک دوسرے سے منسلک ہو، یہ دورہ دونوں ممالک کی درمیان تجارتی تعلقات کو وسعت دینے کا مواقع فراہم کرے گا۔
ابراہیم بن یوسف المبارک کا کہنا تھا ممالک کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے کمرشل سرمایہ کاری ایک مضبوط ذریعہ ہے، دونوں ممالک کے درمیان نجی و سرکاری شعبے میں شراکت دار کو بلندیوں تک لے جانا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب کا 50 رکنی وفد پاکستان پاکستان پہنچا تھا، سعودی وفد پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کرے گا اور پھر بعد ازاں پاکستان کا تجارتی وفد بھی سعودی عرب جائے گا۔