دبئی: ویمنز ایشیا کپ میں پاکستان ویمنز ٹیم نے ہانگ کانگ کو 72 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا، جہاں اس کا مقابلہ 11 ستمبر کو سری لنکا سے ہوگا۔
دبئی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان ویمنز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے شوال ذوالفقار نے 47 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی جبکہ عائشہ ظفر نے 26 رنز بنائے۔ کپتان فاطمہ ثنا 24 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔
144 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ہانگ کانگ کی ٹیم پاکستانی اسپنر نشرہ سندھو کی شاندار بولنگ کے سامنے صرف 71 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
نشرہ سندھو نے پاکستان ویمنز ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ کی بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 7 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان نے میچ 72 رنز سے اپنے نام کرتے ہوئے ویمنز ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔
سیمی فائنل میں پاکستان ویمنز کا مقابلہ 11 ستمبر کو سری لنکا ویمنز ٹیم سے ہوگا۔





















































































