امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق قطر کی ثالثی میں جاری رابطوں کے باوجود امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات میں تعطل برقرار ہے اور دونوں ممالک اپنے بنیادی مؤقف میں نمایاں تبدیلی پر آمادہ دکھائی نہیں دیتے۔
امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزیوس نے مذاکرات سے واقف تین ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ قطر دونوں ممالک کے اختلافات کم کرنے کی کوشش کررہا ہے، تاہم اب تک کوئی بڑی پیش رفت سامنے نہیں آسکی۔
رپورٹ کے مطابق قطری حکام مسلسل رابطوں کے ذریعے ایسا فارمولہ تلاش کرنے کی کوشش میں ہیں جو کشیدگی میں کمی اور وسیع تر مذاکرات کی بحالی کا راستہ ہموار کرسکے۔ قطر کے وزیر خارجہ کے ترجمان نے بھی کہا ہے کہ دوحہ دونوں فریقوں کے درمیان پیغامات پہنچا رہا ہے اور مشترکہ بنیاد تلاش کرنے کی کوشش جاری ہے۔
ایگزیوس کے مطابق حالیہ رابطوں کے دوران قطری ثالث علی الثوادی نے نیویارک میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے کئی گھنٹے ملاقات کی۔ ملاقات میں قطر کی پیش کردہ سمجھوتے کی تجویز زیر بحث آئی، جس میں آبنائے ہرمز سے متعلق ایرانی مطالبات اور ایران کے جوہری پروگرام پر رعایتوں کے امریکی مطالبے کو ایک ہی فریم ورک میں سمیٹنے کی کوشش کی گئی تھی۔
عباس عراقچی سے ملاقات کے بعد قطری ثالث نے امریکی حکام سے بھی رابطہ کیا۔ ان کوششوں کا مقصد آبنائے ہرمز، امریکی بحری ناکہ بندی اور ایرانی جوہری پروگرام سے متعلق مطالبات سمیت بنیادی اختلافات پر دونوں فریقوں کے لیے قابلِ قبول درمیانی راستہ تلاش کرنا تھا۔
ایران نے حالیہ دنوں میں آبنائے ہرمز کی بحالی کو سفارتی عمل سے منسلک کرتے ہوئے سات روزہ منصوبہ پیش کیا تھا۔ اس منصوبے میں مخصوص شرائط پوری ہونے پر آبنائے دوبارہ کھولنے اور وسیع تر مذاکرات شروع کرنے کی تجویز شامل تھی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس تجویز کو مسترد کرنے کا اعلان کیا، تاہم بعد میں کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان مزید مذاکرات متوقع ہیں۔
امریکا کا مؤقف ہے کہ کسی بھی جامع معاہدے میں ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق معاملات شامل ہونے چاہئیں، جبکہ تہران آبنائے ہرمز اور امریکی بحری ناکہ بندی کے معاملات فوری حل کرنے پر زور دے رہا ہے۔ مؤقف کا یہی فرق مذاکرات کی اہم رکاوٹوں میں شمار کیا جارہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق قطر کے علاوہ دیگر علاقائی ثالث بھی دونوں ممالک کے درمیان رابطے برقرار رکھنے کی کوشش کررہے ہیں۔ تاہم تاحال کوئی ایسا معاہدہ سامنے نہیں آیا جس سے مذاکرات میں نمایاں پیش رفت یا اختلافات کے خاتمے کی تصدیق ہوسکے۔




















































































