وزارتِ اطلاعات نے پاکستان کے لیے سعودی امداد اور سرمایہ کاری معطل ہونے سے متعلق خبروں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیا ہے۔
وزارتِ اطلاعات کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی امداد اور سرمایہ کاری کی معطلی سے متعلق خبریں سراسر جھوٹ ہیں اور ان میں کوئی صداقت نہیں۔
بیان کے مطابق یہ جھوٹا بیانیہ بھارت سے منسلک ایک پاکستان مخالف اکاؤنٹ کی جانب سے پھیلایا گیا ہے جس کا مقصد غلط معلومات کے ذریعے عوام میں خوف و ہراس پیدا کرنا ہے۔
وزارتِ اطلاعات نے کہا کہ اس طرح کی جھوٹی خبریں پاک سعودی تعلقات کو متاثر کرنے کی کوشش ہیں جبکہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون اور سرمایہ کاری کے حوالے سے تعلقات مضبوط اور مستحکم ہیں۔
وزارت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ غیر مصدقہ خبروں پر یقین نہ کریں اور صرف مستند ذرائع سے فراہم کردہ معلومات پر اعتماد کریں۔