مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کے اثرات کے باعث پاکستان سے خلیجی ممالک کے لیے فضائی آپریشن شدید متاثر ہو گیا ہے اور آج بھی متعدد پروازیں منسوخ ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ایران جنگ کا آج گیارہواں دن ہے اور اس صورتحال کے باعث پاکستان سے مشرقِ وسطیٰ جانے والی مزید 85 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ مزید 56 پروازوں کے بھی منسوخ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
فلائٹ شیڈول کے مطابق کراچی سے دبئی، شارجہ اور ابوظبی کے لیے مجموعی طور پر 26 پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں جبکہ مزید 10 پروازوں کے بھی منسوخ ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اسی طرح لاہور سے مشرقِ وسطیٰ کے مختلف شہروں کے لیے 18 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ 10 پروازوں کے آپریشن کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد سے بھی خلیجی ممالک کے لیے فضائی آپریشن متاثر ہوا ہے جہاں سے اب تک 20 پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں جبکہ 11 پروازوں کی روانگی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ایران جنگ کے آغاز سے اب تک پاکستان سے مشرقِ وسطیٰ جانے والی منسوخ پروازوں کی مجموعی تعداد تقریباً 1600 تک پہنچ چکی ہے جس کے باعث فضائی سفر کا نظام بری طرح متاثر ہو گیا ہے اور ہزاروں مسافر متاثر ہوئے ہیں۔