اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے اپنا گھر پروگرام کے تحت آئندہ چھ ماہ میں ایک ہزار ارب روپے کے قرضے دینے کا ہدف مقرر کیا ہے اور بینکوں کو قرضوں کی منظوری کا عمل انتہائی تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
پروگرام کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ وقت کسی کا انتظار نہیں کرتا اور وفاق کو صوبوں کے ساتھ مل کر بانی پاکستان کے تصور کے مطابق اقدامات کرنا ہوں گے۔ ان کے مطابق موجودہ حالات اس پاکستان کی عکاسی نہیں کرتے جس کے لیے تحریک چلائی گئی تھی۔
انہوں نے دو لاکھ گھروں کی تعمیر کو ضرورت کے مقابلے میں بہت کم قرار دیا۔ مکان حاصل کرنے والے خاندانوں کو مبارک باد دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بڑی تعداد اب بھی اپنی چھت، روزگار اور تعلیم سے محروم ہے، جبکہ وسائل چند ہاتھوں میں مرتکز ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ ضرورت پڑی تو کروڑوں گھر بھی بنائے جائیں گے، جس کے لیے وفاق اور صوبوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو چھت بھی فراہم نہ کرسکیں تو عہدوں پر رہنے کا جواز نہیں رہتا۔
وزیراعظم نے ماضی کی ایک اسکیم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس سے صرف اشرافیہ کو فائدہ پہنچا، جبکہ مدد کے اصل مستحق غریب شہری ہیں۔ انہوں نے ہاؤسنگ قرضوں کے حصول میں سیاسی مداخلت برداشت نہ کرنے کا اعلان کیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے تقریب میں بتایا کہ وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت فراہم کردہ قرضے 100 ارب روپے سے تجاوز کرگئے ہیں۔ ان کے مطابق اسکیم کی کامیابی کے لیے متعدد اجلاس ہوئے اور وزیراعظم کی توجہ عوامی فلاح پر مرکوز رہی۔
















































































