کراچی: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کسی بھی ری سیٹ کی نوعیت جمہوری ہوگی اور نوجوانوں کا نظام پر اعتماد بحال کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا بچہ بچہ کرپشن سے نفرت کرتا ہے اور نوجوان بدعنوانی سے پاک پاکستان چاہتے ہیں۔
سندھ یوتھ کارڈ کے اجرا کی تقریب میں انہوں نے سیاستدانوں پر زور دیا کہ وہ عوام کی امید اور اعتماد قائم رکھیں۔ ان کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے بدعنوانی کے راستے بند کرکے ایسا شفاف نظام تشکیل دینا چاہیے جو شہریوں کو مشکلات کے بغیر سہولتیں دے۔
بلاول نے کہا کہ شدید مہنگائی اور معاشی مشکلات کا مقابلہ قومی اتحاد اور مشترکہ حکمت عملی سے کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے قومی مفاد میں اختلافات ایک طرف رکھنے اور حکمرانوں سے نفرت و تقسیم کی سیاست ترک کرنے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے پارلیمان کی بالادستی اور عدلیہ پر عوام کے اعتماد کی بحالی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن دونوں کو نظام پر اعتماد ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق تمام اداروں کا کردار اہم ہے اور نوجوانوں کو یہ احساس ملنا چاہیے کہ یہ نظام ان کا اپنا ہے۔
بلاول نے سوال اٹھایا کہ سیاستدان خود مایوس ہوں گے تو عوام کیسے نظام پر اعتماد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی کامیابی کو عوام اور ملک کی ترقی سے جوڑتے ہیں اور ناکامی کی صورت میں تاریخ انہیں کوشش کرنے والے نوجوان کے طور پر یاد رکھے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ باہمی لڑائی جاری رہی تو تقسیم مزید بڑھے گی۔

















































































