حضرت علیؓ کے یومِ شہادت کے موقع پر ملک بھر میں آج مذہبی عقیدت اور احترام کے ساتھ مجالسِ عزا اور جلوسوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جبکہ مختلف شہروں میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
کراچی میں مرکزی جلوس کے آغاز سے قبل نشتر پارک میں مجلسِ عزا منعقد کی جائے گی جس کے بعد مرکزی جلوس برآمد ہو کر اپنے مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ کھارادر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر صدر کے علاقے میں متعدد سڑکوں اور گلیوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے تاکہ جلوس کے راستوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔
ادھر راولپنڈی میں یومِ علیؓ کا مرکزی جلوس امام بارگاہ کرنل مقبول پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا۔ اسی طرح پشاور میں بھی یومِ علیؓ کے سلسلے میں نکالا جانے والا جلوس امام بارگاہ سید عالم شاہ پر ختم ہوا، جو اپنے مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا کوچی بازار سے ہو کر واپس امام بارگاہ پہنچا۔
دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے کراچی میں یومِ علیؓ کے جلوس کے روٹ اور سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جلوس کے دوران غیر معمولی سیکیورٹی اقدامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
حکام کے مطابق جلوسوں اور مجالس کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ حساس مقامات پر خصوصی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔