وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے اعلان کیا ہے کہ سندھ حکومت نے جمعتہ الوداع کے موقع پر صوبے بھر میں عام تعطیل کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دن کے تقدس اور مذہبی اہمیت کے پیش نظر عوام کو عبادات اور مذہبی سرگرمیوں کے لیے سہولت فراہم کرنے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
ناصر حسین شاہ نے بتایا کہ کراچی کی ایک اہم شاہراہ کو آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کے نام سے منسوب کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے باقاعدہ اقدامات کیے جا رہے ہیں اور متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جمعتہ الوداع کے موقع پر شارع فیصل پر ریلی نکالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ان کے مطابق تمام مذہبی اور سماجی تنظیموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ریلیاں نکالنے کے لیے اپنے روایتی اور پہلے سے مقررہ راستوں کو ہی اختیار کریں تاکہ ٹریفک اور سیکیورٹی کے مسائل سے بچا جا سکے۔
واضح رہے کہ آج یومِ علیؓ کے موقع پر ملک بھر کے چھوٹے اور بڑے شہروں میں جلوس نکالے جا رہے ہیں اور مختلف مقامات پر مجالس کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے۔
کراچی میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر صدر کے علاقے کی مختلف سڑکوں اور گلیوں کو کنٹینرز رکھ کر بند کر دیا گیا ہے تاکہ جلوسوں کے دوران امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھا جا سکے۔