اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا ہے اور گرمی کی شدت میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے، جس کے بعد شہریوں نے بھی موسم کی تبدیلی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی ہے جس کے باعث درجہ حرارت میں کمی آئی اور موسم خوشگوار ہو گیا۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ آج اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے بعض علاقوں میں کہیں کہیں بارش ہونے کا امکان ہے جبکہ چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش بھی ہو سکتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز تیز بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ قراقرم اپر کوہستان کے مختلف مقامات پر بند ہو گئی تھی جس سے آمدورفت شدید متاثر ہوئی تھی۔
اسی دوران شانگلہ میں ایک افسوسناک واقعہ بھی پیش آیا جہاں ایک گھر پر آسمانی بجلی گرنے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے تین افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔