بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے بھارت کے ساتھ کرکٹ تعلقات کی بحالی کے لیے بھارتی کرکٹ بورڈ کو باقاعدہ خط ارسال کر دیا ہے، جس میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلادیش کرکٹ بورڈ بھارتی کرکٹ بورڈ کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کے لیے سرگرم ہے، اور اس سلسلے میں بھیجے گئے خط میں بی سی بی نے بی سی سی آئی کے ساتھ نئے اور موجودہ شعبوں میں تعاون بڑھانے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
بی سی بی کے ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز نظم العابدین فہیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بنگلادیش کرکٹ بورڈ مختلف ممالک کے کرکٹ بورڈز کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہتا ہے، اور انہی روابط کے تحت بھارتی کرکٹ بورڈ کو بھی خط لکھا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس خط میں بی سی سی آئی کو آگاہ کیا گیا ہے کہ بھارتی ٹیم ستمبر میں بنگلادیش کا دورہ کرے گی، جس کے بعد بنگلادیش کی ویمنز ٹیم بھارت کا دورہ کرے گی، جس سے دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ سرگرمیوں میں اضافہ متوقع ہے۔
نظم العابدین فہیم نے مزید کہا کہ بی سی بی نے بی سی سی آئی سے باہمی کرکٹ کے دیگر ممکنہ مواقع تلاش کرنے کی بھی درخواست کی ہے تاکہ دونوں بورڈز کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دی جا سکے۔
واضح رہے کہ بنگلادیشی فاسٹ بولر مستفیض الرحمن کو آئی پی ایل سے نکالے جانے کے بعد دونوں ممالک کے کرکٹ تعلقات میں کشیدگی پیدا ہو گئی تھی، جس کے نتیجے میں بنگلادیش نے بھارت میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلنے سے بھی انکار کر دیا تھا۔