امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر متنازع بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ امریکا کے صدر نہ ہوتے تو اس وقت دنیا ٹکڑے ٹکڑے ہو چکی ہوتی، جبکہ ان کے اس بیان نے عالمی سطح پر نئی بحث کو جنم دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ، جو ان دنوں ایران تنازع اور پوپ لیو پر تنقید سمیت مختلف بیانات کے باعث خبروں میں ہیں، نے اے بی سی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا کہ ان کی قیادت کے بغیر عالمی صورتحال مزید خراب ہو سکتی تھی۔
امریکی صدر نے ایران سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تنازع کسی بھی طرح ختم ہو سکتا ہے، اور ان کے مطابق ایران میں موجودہ حالات معاہدے کی طرف بڑھنے کی نشاندہی کر رہے ہیں، جبکہ انہوں نے عندیہ دیا کہ آئندہ دو دن میں اہم پیش رفت سامنے آ سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کے خیال میں معاہدہ ہی ترجیح ہے اور اس کے ذریعے کشیدگی کم کی جا سکتی ہے، جبکہ اس سے قبل ایک اور انٹرویو میں انہوں نے کہا تھا کہ ایران سے جاری کشیدگی جلد ختم ہونے والی ہے۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر ایرانی سفارت خانے کی ایک ویڈیو بھی وائرل ہو رہی ہے، جس میں ٹرمپ کو ایک پاپ سنگر کے انداز میں پیش کیا گیا ہے، اور اس ویڈیو کو مختلف حلقوں کی جانب سے دلچسپی کے ساتھ دیکھا جا رہا ہے۔