فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی سربراہی میں پاکستانی اعلیٰ سطحی وفد نے تہران میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے اہم ملاقات کی، جس میں دیگر ایرانی حکام نے بھی شرکت کی اور باہمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پاکستان کی جانب سے مذاکرات کی شاندار میزبانی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں ممالک کے درمیان گہرے اور مضبوط دوطرفہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ایران آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے مسرت کا اظہار بھی کیا۔
عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے ایران اور پاکستان کا عزم مشترکہ اور مضبوط ہے، اور دونوں ممالک اس مقصد کے حصول کے لیے قریبی تعاون جاری رکھیں گے۔
یاد رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکراتی عمل کے تناظر میں پاکستان کا اعلیٰ سطحی وفد فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ہمراہ تہران میں موجود ہے۔ تہران پہنچنے پر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے دیگر اعلیٰ حکام کے ہمراہ فیلڈ مارشل اور پاکستانی وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق ایرانی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کو دوبارہ شروع کرنے کی کوششیں جاری ہیں، اور خطے میں سفارتی سرگرمیوں میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔