ترجمان پاور ڈویژن نے کہا ہے کہ ایل این جی کی عدم دستیابی کے باعث ملک میں تقریباً 5 ہزار میگاواٹ صلاحیت رکھنے والے پاور پلانٹس سے بجلی کی پیداوار متاثر ہو رہی ہے، جس سے توانائی کے نظام پر دباؤ بڑھنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
اسلام آباد میں بجلی کی صورتحال سے متعلق بیان میں ترجمان نے بتایا کہ 27 اپریل کی رات پیک اوقات میں مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، جس کے دوران تربیلا ڈیم سے پانی کے اخراج میں اضافے کے باعث پن بجلی کی پیداوار میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات پیک ٹائم میں پن بجلی کی پیداوار تقریباً 6 ہزار میگاواٹ رہی، جبکہ ملک میں پن بجلی پیدا کرنے کی مجموعی صلاحیت 11 ہزار 500 میگاواٹ تک موجود ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وسائل موجود ہونے کے باوجود مکمل صلاحیت سے فائدہ نہیں اٹھایا جا رہا۔
ترجمان کے مطابق کچھ پاور پلانٹس کو مقامی گیس کی فراہمی کے ذریعے بجلی کی پیداوار میں مزید بہتری لائی گئی، جس کے نتیجے میں تقریباً 100 میگاواٹ بجلی نظام میں شامل کرنا ممکن ہوا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ملک کے جنوبی علاقوں سے تقریباً 500 میگاواٹ بجلی کی ترسیل بھی ممکن بنائی گئی، تاہم ایل این جی کی مسلسل کمی کے باعث مجموعی بجلی کی پیداوار اب بھی متاثر ہو رہی ہے۔























































































